بلاول بھٹو نے مختصر مدت میں پاکستان کا اعتماد دنیا میں بحال کیا،عبدالقادر پٹیل


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ  وزیر خارجہ  بلاول بھٹو زرداری نے مختصر مدت میں  پاکستان کا اعتماد دنیا میں بحال کیا،وزیر خارجہ  کیخلاف بیان بازی کرکے شیخ رشید میڈیا میں زندہ رہنا چاہتے ہیں،شکر ہے قومی اسمبلی گٹر زبان والے سے پاک ہوگئی۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اور راہنما پیپلزپارٹی عبدالقادر پٹیل  نے ایک بیان میں کہا کہ  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کیخلاف بیان بازی کرکے شیخ رشید میڈیا میں زندہ رہنا چاہتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مختصر مدت میں دنیا میں ملک کا اعتماد بحال کیا ہے ۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ   وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عالمی وقار دیکھ کر شیخ رشید کا جلنا بنتا ہے ، شیخ رشید کے فریڈم ہاوس میں کیاکیا مشقیں ہوتی ہیں ہمیں سب معلوم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  شکر ہے قومی اسمبلی گٹر زبان والے سے پاک ہوگئی ہے۔