ملک بھر میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو نے لگا


کراچی (صباح نیوز)ملک بھر میں ڈینگی وبائی شکل اختیار کرگیا جس کے باعث ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ دیکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 387 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 33کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی 117، ضلع وسطی 37، ضلع  شرقی 57، ضلع ملیر 2، ضلع غربی 12، ضلع جنوبی 13 اور کیماڑی 7کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 33 افراد، حیدرآباد میں 1 اور میرپور خاص میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔ اس کے علاوہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 5 ہزار 498 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں9ہزار 172 رپورٹ ہوچکے ہیں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے،

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 ہزار 728تک پہنچ گئی جبکہ ایکٹیو کیسز کی تعداد 1ہزار 651تک ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں پشاور سے 172جبکہ مردان میں 52کیسز سامنے آئے جبکہ اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتال میں ڈینگی کے 89مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پشاور سے سب سے زیادہ 2 ہزار 346اور مردان سے 2ہزار 157کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی سے 7افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ڈینگی مزید بڑھنے اور وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت کم ہو کر 26سے 29ڈگری اور نمی 60فیصد رہے گی، یہ موسم ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھا دے گا۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، لاڑکانہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں اگلے ماہ سے ڈینگی وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی ڈینگی بڑھے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی سے نیچے جانے پر ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے، ستمبر کے وسط سے ہی ڈینگی کے حملے کے لیے سازگار موسمی ماحول بن چکا ہے۔