پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر سے متعلق آگاہی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے،نیول چیف


اسلام آباد(صباح نیوز) نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر سے متعلق آگاہی کے فروغ اور بلیو اکانومی سے مکمل فائدہ اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

ورلڈ میری ٹائم ڈے 202کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے جاری پیغام میں کہا کہ میری ٹائم کا عالمی دن محفوظ جہاز رانی، سمندری تحفظ اور بحری ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کا موضوع ماحول دوست جہاز رانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ میں کمی کیلئے ماحول دوست جہاز رانی کے فروغ اور صاف، کم لاگت اور بہتر کارکردگی والے ایندھن کی پیداواری ٹیکنالوجی کا حصول لازم ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر سے متعلق آگاہی کے فروغ اور بلیو اکانومی سے مکمل فائدہ اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ آج ہم پاکستان میں بحری شعبے کی پائیدار ترقی اور ماحول دوست اہداف کے حصول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کاعہد کرتے ہیں۔