کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان نے سی پی این ای کی آئینی اصلاحات کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل عامر محمود کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق آئینی اصلاحات کمیٹی کے مقاصدمیں سی پی این ای کے آئین میں ضروری اصلاحات تجویز کرنا ہے۔ کمیٹی اپنی سفارشات اور سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو ارسال کرے گی۔
سی پی این ای کی آئینی اصلاحاتی کمیٹی 8 اراکین پر مشتمل ہوگی جس کے چیئرمین اعجازالحق جبکہ ڈپٹی چیئرمین ارشاد احمد عارف مقرر کئے گئے ہیں۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں حامد حسین عابدی (روزنامہ امن کراچی)، ڈاکٹر جبار خٹک (روزنامہ عوامی آواز کراچی)، انور ساجدی (روزنامہ انتخاب کوئٹہ)، سردار خان نیازی (روزنامہ پاکستان گروپ)، طاہر فاروق (روزنامہ اتحاد پشاور) اور غلام نبی چانڈیو (روزنامہ پاک کراچی) شامل ہیں۔