وزیراعظم ہاؤس اور آفس پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم ہاؤس اور پی ایم آفس پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی جبکہ وزیراعظم ہاؤس سے ڈیٹا ہیک ہونے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ڈیٹا ہیک ہونے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک نمائندہ شامل ہوگا، جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا۔ جے آئی ٹی کو اختیار ہوگا وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو شامل تفتیش کرے، وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل ریکارڈنگ ہوئی، اس حوالے سے تحقیقات ہوں گی۔

تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعہ کے وقت کون کون افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا، وزیراعظم سیکریٹریٹ میں مامور اسپیشل برانچ کے اہلکاروں سے بھی تحقیقات ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس اور پی ایم آفس پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔