اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے کورین سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جمہوریہ کوریا کے پاکستان میں تعینات سفیر کی ملاقات۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر راجہ پرویز اشریف نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور کوریا کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں، پاکستان میں حالیہ سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ مدد پر کورین حکومت کے مشکور ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ایشیا پیسیفک ریجن کے یس ڈی جیز کے اہداف کے حصول پر منعقدہ سیمینار میں کورین پارلیمانی وفد نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات پر مضبوط موقف پیش کیا، پاکستان، جنوبی کوریا پارلیمانی دوستی گروپ کے مابین تبادلے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر کورین سفیر کا کہنا تھاکہ جمہوریہ کوریا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، کوریا پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔