پاک فضائیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین میں 2 ماہ کا راشن تقسیم


اسلام آباد/کوئٹہ(صباح نیوز) پاک فضائیہ کی جانب سے متاثرینِ سیلاب میں 2 ماہ کا راشن تقسیم کردیا گیا ۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دو ماہ کا راشن تقسیم کیا تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک متاثرینِ سیلاب کو خود کفیل کیا جاسکے۔

ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو مفت ادویات اور طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 16650 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 750 پانی کی بوتلیں اور 777 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کئے جبکہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 920 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین میں دس دس لاکھ روپے تقسیم کردیئے گئے۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب سے ہلاک شدہ 238 افرادکے لواحقین میں دس دس لاکھ تقسیم کردیئے ہیں۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرین میں مجموعی طورپرایک لاکھ 25 ہزارخیمے تقسیم کرچکے ہیں۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے بلوچستان نے کہا کہ ضلع خضدار کے 10 فراد کے ورثاء کو دس دس لاکھ معاوضہ کی رقم ادا کردی گئی، خضدارمیں پندرہ ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ متاثرین کیلئے ضلع میں چالیس میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔