اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کو ای سی سی کا چیئرمین مقررکردیا
نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ اس سے قبل شوکت فیاض احمد ترین بطور چیئرمین ای سی سی خدمات انجام دے رہے تھے تاہم ان کی بطور وزیر خزانہ تقرری کی چھ ماہ کی مدت ختم ہونے پر انہیں دوبارہ مشیر خزانہ تعینات کردیا گیا ہے اور بطور مشیر خزانہ ای سی سی کی صدارت کے اہل نہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق وفاقی کابینہ کے غیر منتخب ارکان نہ تو ای سی سی کے چیئرمین بن سکتے ہیں اور نہ رکن بن سکتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ای سی سی کی دوبارہ تشکیل نو کی گئی ہے۔ کمیٹی12ارکان پر مشتمل ہے۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کو ای سی سی کا نیاچیئرمین مقررکیا گیا ہے۔ جبکہ وفاقی وزراء مواصلات، توانائی، صنعت وپیداوار، داخلہ، قانون وانصاف ، میری ٹائم افیئرز، نیشنل فوڈ سکیورٹی، ترقی و منصوبہ بندی، نجکاری، ریلویز اور آبی وسائل ای سی سی کے ارکان میں شامل ہیں۔ تاہم مشیر خزانہ و ریونیو شوکت ترین ای سی سی کے رکن نہیں ہوں گے تاہم وہ خصوصی دعوت پر شوکت ترین کو ان اجلاسوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ کچھ دیگر مشیروں، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر اوروفاقی سیکرٹریز کو بھی خصوصی دعوت پر اجلاسوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔