پاکستان کا افغانوں کی تباہی کیلئے امریکہ کو فضائی حدود دینا بدترین ناقابل معافی جرم ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پاکستان کا افغانوں کی تباہی کیلئے امریکہ کو فضائی حدود دینا بدترین ناقابل معافی جرم ہے ۔ سیلاب کو کاروباربناکر عوام کو لوٹنامنافع نہیں مستقل نقصان کا سوداہے حکومت صوبے کے بڑی شاہراہیں،انٹرنیٹ ،گیس ،بجلی ،پانی ،ٹیلیفون بحال کریں الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی نے متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیاں تیز کردی ہے مخیر حضرات تاجر برادری انسانیت کی بے لوث خدمت کیلئے ساتھ دیں ۔کوئٹہ کے شہری حکومتی نااہلی کا شکار منتخب نمائندے غافل اورمنظرسے غائب ہوگیے ہیں ۔پی ٹی آئی وپی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے کو گالیاں دینے کے بجائے متاثرین وعوام کی خدمت پر توجہ دیں ۔باہمی اختلافات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔

اپنے بیان  میں انہوں نے کہاکہ حکومتی اہلکار بدعنوانی کی خاطر نقصانات کا حساب کتا ب تو لگارہے ہیں لیکن دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکر حل کاکوئی منصوبہ وہمت نہیں کرتے ۔سیلاب متاثرین کی مدددیانت سے کرنے کی ضرورت ہے ۔ریلیف ورک کو تجارت وذاتی فائدے کیلئے استعمال کرنے والے خسارے کا سوداکر رہے ہیں ۔تاجر برادری عوام کی مجبوری کا فائدہ نہ اُٹھائیں بلکہ کم منافع کیساتھ دنیا وآخرت کے دائمی فائدے اُٹھانے کا سوچ کرتجارت کوپریشان ومجبورعوام کی خدمت کی نیت سے کریں حکومت کی غفلت کی وجہ سے ایل پی جی ،گوشت،سبزیاں سمیت ہر چیزمہنگی کر دی گئی ہیں ۔

بجلی ،فون،نیٹ، گیس بحالی ،قلت آب ختم کرنے شاہراہوں کی تعمیر وبحالی ،خودساختہ مہنگائی میں کمی کے حوالے سے حکام بالا کے اعلانات کے بجائے عملی کام کیے جائیں ۔ متاثرین کے فنڈزمیں بدعنوانی کرنے والے دنیا وآخرت کو تباہ کر رہے ہیں متاثرین کی مددوریلیف ورک کو دیانت داری واخلاص سے کرکے دنیا وآخرت کو کامیاب بنایاجاسکتا ہے ۔ شاہراہوں کی بندش ،پانی کی قلت ، مصنوعی مہنگائی ،بجلی گیس نیٹ وفون کی بندش سے عوام وشہری بہت پریشان ہیں حکومت میں اخلاص ونیک نیتی کی کمی و غفلت کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہاہے لگتاحکومت نہیں چاہتی کے عوامی مسائل میں کمی آجائے حکومتی کارکردگی بیانات وبدعنوانی تک محدود ہے ۔ صوبائی حکومت بدعنوانی روکھنے ،عوام کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہوئے ہیں