کوئٹہ میں گیس کی بندش، ایل پی جی ناپید، روٹی 50 روپے، سالن کی پلیٹ 3 سو روپے میں فر وخت


کوئٹہ (صباح نیوز)کوئٹہ میں تین روز سے گیس نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی درہم برہم۔ اکثر تندور گیس اور ایل پی جی نہ ہونے کے باعث بند، روٹی اور سالن فی پلیٹ کے منہ مانگے دام وصول۔ بارش کا سلسلہ تھم گیا گیس کی جلد بحالی یقینی بنائی جائے، عوامی حلقوں کا مطالبہ۔

کوئٹہ میں گیس کی بندش کے سبب ایندھن کا بحران پیدا ہوگیا۔ ایل پی جی بھی نا پید، روٹی 50 روپے اور سالن پلیٹ 3 سو روپے میں فروخت ہونے لگی۔ کوئٹہ میں گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں نے جہاں نظام زندگی مفلوج کردیا، وہاں تین دن سے گیس نہ ہونے کی وجہ سے صوبے میں ایندھن کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے، کوئٹہ شہر کے بیشتر تندور اور داش بند ہوچکے، گیس سیلنڈر کی دکانوں میں اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں بھی چولہے بجھ گئے۔

دوسری جانب جن ہوٹلوں اور نانبائیوں کے پاس گیس موجود ہے وہ روٹی 50 روپے اور دال کی پلیٹ 3 سو روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ کوئٹہ شہر میں اکثر گھروں میں سوختنی لکڑیاں جلانے کا بندوبست بھی نہیں ہے۔ شہریوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس کی جلد فراہمی یقینی بنائی جائے تا کہ معمولات زندگی دوبارہ بحال ہوسکیں۔