پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ، حکمران رقص و سرور کی محفلوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ نصرت ناہید ، زبیدہ اصغر


اسلام آباد ( صباح نیوز) جماعت اسلامی حلقہ خواتین اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید اور رکن مرکزی شوری زبیدہ اصغر نے کہا ہے کہ پورا پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور حکمران یوم آزادی پر رقص و سرور کی محفلوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں، موجو دہ ملکی حالات اور حکمرانوں کا طرز عمل ہماری شامت اعمال ہیں ، حکمرانوں کی نااہلی اور اور  عاقبت نااندیشی کے باعث رحمت بھی عوام کی آزمائش بن گئی ہے، حکمرانوں کی مفاد پرستی اور بدعنوانی کی وجہ سے یہ مقدس سر زمین 75 سال میں بھی اپنے پیروں پر کھڑی نہ ہوسکی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی زون 2کے دورے کے موقع پردعوتی ، تنظیمی اور سیاسی سر گر میوں کا جا ئزہ لیتے ہو ئے کیا ۔ نصرت ناہید اور زبیدہ اصغر نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان جیسی نعمت عظمی برطانوی سامراج کے پنجوں سے چھین کر معجزاتی طور پر صرف 7 سالہ جدو جہد کے بدلے میں عطا فرمائی ،پاکستان جس نظریے کی بنیاد پر حاصل ہوا ہے وہ اتنا اہم تھا کہ مسلمانوں نے اپنے گھر بارچھوڑے،مائوں اور بہنوں نے اپنی عزتیں لٹائیں،لیکن اس مقصد سے سچی لگن رکھنے والوں کو ہر دور میں آڑے ہاتھوں لیاگیا،

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قیام اور نظریے کو عوام الناس تک اس کی صحیح روح کیساتھ پہنچانا اور سمجھانا جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمہ داری ہے،جماعت اسلامی خواتین رہنمائوں نے کہا ہمیں اپنی قیادت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے، پارلیمنٹ سے لے کر گلی محلوں تک ایک موئثر آواز بننا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت مولانا مودودی رحمہ اللہ نے اسلامی آئین بنوانے کے لیے توانا آواز بلند کی اور آج بھی اس آئین کی پاسداری کے لیے جماعت اسلامی کی توانا آواز سینیٹر مشتاق احمد خان اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی کے ذریعے حکومت کے ایوانوں میں گونجتی سنائی دیتی ہے۔جماعت اسلامی کی خواتین رہنماوں نے کہاکہ کارکنان کو ووٹ بینک کے کم ہونے پر کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔حق پر چلنے والوں کی تعداد روز اول سے کم رہی ہے لیکن حق کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہتا ہے۔

ناظمہ ضلع نصرت ناہید نے ناظمہ زون صائقہ ضمیر کی غوری ٹاون میں منظم کام کو سراہا اور آئندہ مزید بہتری کے لیے بھی تجاویز پیش کیں۔نصرت ناہید اور زبیدہ اصغر نے بزرگ ارکان کے تعارف کے موقع پر ان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے،نئے ارکان سے کہا کہ یہ وہ ہیرے ہیں جنہوں نے ہمارے لیے راہ حق کو روشن کیا ہے،تحریک کو اپنی ذاتی زندگی پر ترجیع دے کر انہوں نے اس دعوت کوہم تک پہنچایا ہے۔