پی ٹی آئی ایک اور نشست سے محروم، میاں سومرو کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستا نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد میاں سومرو کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔  محمد میاں سومرو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 جیک آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی محمد میاں سومرو نے  اسپیکر کو رخصت کی درخواست ارسال کی تھی۔  تاہم اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے رکن محمد میاں سومرو کی رخصت کی درخواست مسترد کردی تھی۔   قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر نے محمد میاں سومرو کی درخواست کا معاملہ ایوان میں رکھا تھا۔ اسپیکر نے محمد میاں سومرو کی رخصت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما نے کوئی درخواست بروقت نہیں دی۔انہوں نے  کہا تھا کہ 40 روز کے اندر درخواست نہیں دی گئی، وقت گزرنے پر درخواست دی گئی۔

محمد میاں سومرو کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک پاکستان پیپلز پارٹ کی رکن شاہدہ رحمانی نے پیش کی تھی۔ تحریک میں کہا گیا تھا کہ محمد میاں سومرو ایوان کے اجلاسوں سے مسلسل 40 دن تک بغیر اجازت غیر حاضر رہے اور یہ ایوان دستور کے آرٹیکل 46 کی شق 2 کے تحت نشست خالی قرار دیتا ہے۔ا یوان نے محمد میاں سومرو کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کی تھی۔ قومی اسمبلی سے تحریک منظور ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے محمد میاں سومروکی نشست خالی قرار دی گئی، تاہم اب الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا ہے۔محمد میاں سومرو نے تحریک انصاف کے دیگر ارکان کے ساتھ استعفی نہیں دیا تھا۔