چیئرمین ڈپٹی چیرمین سینیٹ کا بلوچستان میں حالیہ بارش اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار


اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے لسبیلہ، اوتھل، بارکھان ، لورلائی ، قلعہ عبداللہ ،موسیٰ خیل ، شیرانی ،ڈیرہ بگٹی ، کوئٹہ ، مسلم باغ ،قلعہ سیف اللہ،اورکزئی، دولت زئی، اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں حالیہ بارش اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور ریسکیو حکام کو ہدایات جاری کیں کہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں اور تمام رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اورنشیبی علاقوں کی آبادیوں کی محفوظ جہگوں پر منتقلی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔چیئرمین سینیٹ نے سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فوج اور صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ نے سیلابی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے بھی بلوچستان کے مختلف اضلاع اور علاقوں میں حالیہ بارش اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔