اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ضلع قلعہ عبداللہ، بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این ڈ ی ایم اے،پی ڈی ایم اے اور بلوچستان حکومت کو امدادی کاروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم نے سیلاب سے دو بند ٹوٹنے اور نقصان کے مکمل تخمینے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔وزیرِ اعظم کا جلد قلعہ عبد اللہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ بھی متوقع ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی رہائش کیلئے خیمہ بستیاں اور کھانے پینے کی اشیا کا فوری انتظام یقینی بنایا جائے۔