چیف الیکشن کمشنر نے پوری شفاف تحقیقات کر کے کسی تعصب کے بغیر خالص میرٹ پر فیصلہ دیا ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈنگ کا فیصلہ دے کر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے۔ کیس کی تفصیلات دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ فیصلہ پوری شفاف تحقیقات کر کے کسی تعصب کے بغیر خالص میرٹ پر دیا گیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم ان کے سیاسی ایجنڈے ایک جیسے ہیں۔ اب معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے، ایک مرتبہ پھر اعلیٰ عدالت کا امتحان ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر معاملہ کا ایک اخلاقی پہلو ہوتا ہے جو سیاسی اور عدالتی پہلوؤں پر بھی حاوی ہوتا ہے۔ جھوٹا حلف نامہ جمع کرانا، خیرات کی رقوم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور اکبر ایس بابر کے الزمات کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کی رقوم کے بڑے حصے کا لاپتا ہونا اخلاقی لحاظ سے یقینا قابل اعتراض ہے۔

انھوں نے کہا کہ قوم کو بھی اب فیصلہ کرنا ہے کہ کرپشن کا کرپشن سے مقابلہ کرنے کی بجائے کرپشن کی سیاست کا دیانت داری اور خدا خوفی کی سیاست سے تقابل کریں تاکہ قوم موجودہ معاشی، سیاسی، پارلیمانی، عدالتی اور اخلاقی بحران سے نکل سکے۔