سپریم کورٹ کے صادق اورامین الیکشن کمیشن میں جھوٹے نکل آئے،مریم نواز


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے صادق اورامین الیکشن کمیشن میں جھوٹے نکل آئے۔

لیگی رہنما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرپی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے صادق اورامین الیکشن کمیشن میں جھوٹے نکل آئے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیت (ابراج گروپ)سے بھی فنڈز لئے ہیں،یہ امریکی سازش کب سے ہورہی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ خان پاکستان کا پہلا اور واحد سیاستدان ہے جو ایک ہی فیصلے میں ناقابلِ تردید ثبوتوں کے ساتھ بیک وقت جھوٹا،کرپٹ،منی لانڈرر اور بیرونی قوتوں کے ایما پر کام کرنے والا ثابت ہوا ہے۔

ان خیالات کااظہار مریم نواز شریف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس کا اپنا ہی بنایا ہوا جھوٹا ایمانداری اور حب الوطنی کا بت آج اوندھے منہ گر گیا۔بیشک اللہ حق ہے! ۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔ان سے پیسہ لیتا رہا اور اس پیسے کو ملک میں فتنہ فساد اور بربادی کے لیے خرچ کرتا رہا۔اس فارن ایجنٹ کو پاکستان کی ترقی کو روکنے،سی پیک کے خاتمہ کے لیے لانچ کیا گیا تھا۔سرشرم سے جھک گیا۔ا نہوںنے کہا کہ امپورٹڈ عمران خان، امپورٹڈ پی ٹی آئی۔