اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے بلوچستان ڈوب چکا ہے۔
بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے نقصانات پر حافظ حمد اللہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے بلوچستان تباہ کن سیلابی ریلوں کے لپیٹ میں ہے، چمن، خضدار، قلعہ عبد اللہ، جھل، مگسی، کوئٹہ ،واشک، توبہ، بوغرہ بلکہ پورا بلوچستان میں ہر طرف تباہی کا منظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوڑک ٹاپ اور بلوچستان کے دیگر متاثرہ اضلاع میں آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے، حالیہ طوفانی بارشوں سے بلوچستان ڈوب چکا ہے، باغات، مال، مویشی، زرعی زمینیں تباہ اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیلابی ریلوں سے ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا اور ہزاروں ایکڑاراضی زیرآب آکر تباہ ہوگئیں، سینکڑوں گاوں تباہ ہوئے اور ایک سو پچاس کے قریب افراد سیلابی ریلوں میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم بلوچستان کو آفت زدہ قرار دیکر نقصانات کا فوری ازالہ کریں، بلوچستان کے وزیر اعلی دیگر مصروفیات کو چھوڑ کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر توجہ دیں۔ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری و دیگر متعلقہ حکام خود آگے بڑھیں، بند کمروں میں بیٹھ کر بریفنگ لینے دینے سے متاثرہ اضلاع کا مداوا کرنا ممکن نہیں۔