قرآن و سنت کا نظام ہی دنیا میں امن و سکون لا سکتا ہے۔حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام ہی دنیا میں امن و سکون لا سکتا ہے۔ اسلامی ریاست میں عدل و انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آتا تھا۔ خلفائے راشدین اور صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ محرم الحرام شہادتوں کا مہینہ ہے جس میں خلیفہ رسولۖ حضرت عمر اور حضرت عثمان کی شہادتیں ہوئیں۔ دس محرم کو حضرت امام حسین اور اہل خانہ کی شہادتیں ہوئیں، ان کی قربانیاں تاقیامت ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی رہیں گی۔ شہادت کی موت اور سعادت کی زندگی ہر مسلمان کی خواہش ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ دنیا کی عارضی زندگی کا حصول نہیں بلکہ آخرت سنوارنا مقصد ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے نااہل حکمرانوں کے کرموںکی سزا غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ روپے کی بے قدری نے ملکی معیشت تباہ اور ملک کو قرضوں کے کوہ ہمالیہ کے نیچے دبا دیا ہے۔ سودی نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتیں بدلنے کی دوڑ نے عوام کا سکھ چین چھین لیا۔

کپڑے بیچنے والوں نے لوگوں کو گھروں کے برتن فروخت کرنے پر مجبور کر دیا۔ بچوں کے لیے چند نوالے حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے خوردونوش کی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ حکمرانوں کی بداعمالیوں نے عوام کا سکون تک چھین لیا۔ بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں بے دریغ اضافے نے بل ادا کرنے مشکل بنا دیے۔ لوگ گھر کا چولھا چلائیں یا بل ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی نظام حکومت ہی ملک میں تمام تر محرومیوں اور پریشانیوں کا واحد حل ہے۔