ملک کو اس وقت نئے موقف اور نئے بیانیے کی ضرورت ہے،راشد نسیم


 حیدرآباد (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت آزمائش سے گزر رہا ہے۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کا ملک کے مسائل حل نہ کرنے پر کوئی اختلاف نہیں۔ نام نہاد جمہوری جماعتوں نے ملک کو ورلڈ بنک اور آئی کی غلامی میں دھکیل دیا۔ سودی معیشت سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہو گیا۔ قادیانیوں اور توہین رسالت کے مسئلہ پر حکمران ٹھوس موقف اختیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد میں مقامی نظم کی نشست اور بعدازاں لطیف آباد میں یوسی کے چیئرمین اور نائب چیئرمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب قیم صوبہ سندھ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ ملک کو اس وقت نئے موقف اور نئے بیانیے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات چاہتی ہے۔ ہم دھاندلی، زور و زر اور جعلی ووٹ کی سیاست نہیں کرتے۔

ہم اللہ تعالیٰ کی تائید اور عوام کے ووٹ سے ملک میں اسلامی نظام قائم کریں گے۔ ہم ایسے کاموں سے اجتناب کرتے ہیں جس میں اللہ کی مدد و نصرت شامل حال نہ ہو۔ جماعت اسلامی کا نصب العین اقامت دین کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔