حکومت  بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد فراہم کرے، دردانہ صدیقی


لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت  بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد فراہم کرے ۔

دردانہ صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان حکومت عوام اور شہریوں کا احساس کرے عوام چاروں طرف سے پانی میں گھرے ہیں۔انسانی لاشیں کھلے آسمان تلے بے یارومددگار پڑی ہیں۔کھانے پینے کا سامان مویشی پانی کی نذر ہوچکے ہیں۔بعض علاقوں میں صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے ،متاثرین کی امداد اور صورتحال جاننے کے لئے ہیلی کاپٹر سروس فوری متحرک کی جائے اور انہیں پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے پاس وسائل کم ہیں تووفاق سے فوری طور پر وسائل حاصل کئے جائیں ۔عوام کو بے یارو مددگار نہ چھوڑا جائے ۔حکومتی سطح سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا شعبہ متحرک ہو اور عوام کو ریسکیو کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی صورتحال میں صوبائی اور وفاقی حکومت کی  ذمہ اری ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو امداد مہیا کرے۔لیکن افسوس ہمارے حکمران اور ادارے بھی سیاست کے جوڑ توڑ میں تو بہت تیزی دکھاتے ہیں اور مال خرچ کرتے ہیں لیکن عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لئے انکے پاس وسائل نہیں ہوتے۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان سمیت ملک بھر بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے اور متاثرین کی امدادی کارروائیوں کو موثر اور فعال بنایا جائے۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ الخدمت سمیت دیگر این جی اوز محدود وسائل کے باوجود امدادی کام انجام دے رہی ہے لیکن جو کام بڑے پیمانے پر حکومتوں کے کرنے کا ہے اسے حکومتی سطح سے ہی انجام دیا جاسکتا ہے ۔