اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاسی دکانداری چمکانے کا نہیں بلکہ ہم وطنوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردای نے بلوچستان میں بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی جانب سے انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن امداد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ بلوچستان کے متاثرہ لوگوں کو مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی امداد،بحالی اور موسمیاتی تبدیلوں پر قابو پانا ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت سیاسی دکانداری چمکانے کا نہیں بلکہ ہم وطنوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان ملک بھر میں جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر اپنا فرض نبھائیں۔