کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمہوریت کی دعویدارحکومت میں ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے، ہر طرف ظلم کا راج، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، جماعت اسلامی نبی مہربانۖ کے مشن کو آگے بڑھانے کی جدوجہد کررہی ہے، جو لوگ اللہ کے راستے میں اپنی جان ،مال اور وقت لگاتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کیلئے خیر وبھلائی کے عام راستے کھول دیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ الاسلامیہ بدین میں جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں تنظیمی، سیاسی سرگرمیوں کی کارکردگی سمیت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
صوبائی امیر نے کہا کہ عوام بنیادی حقوق اور فوری انصاف سے محروم ہیں جس کی وجہ سے حکومت اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں سے ان کا اعتماد اٹھتا جارہا ہے،خود جن لوگوں نے عدلیہ کی آزادی وخودمختاری کیلئے تحریک چلائی وہ بھی آج مایوسی کا شکار ہیں، عدالتوں کے بیانات نہیں فیصلے بولتے ہیں، پانامہ لیکس سے پینڈورا پیپرز ، آٹا چور سے چینی چور تک کسی بھی مجرم کو سزا نہیں ملی ہے۔
صوبائی امیر نے زور دیا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاری کی جائے ،جماعت اسلامی قوم کو دیانتدار وباصلاحیت امیدواروں کو منتخب کرنے کا موقع دے گی، آج مایوسی کے اس میدان میں امید کی شمع جلانے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کی ٹیم کو فعال اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکریٹری نواب مجاہد بلوچ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر سید علی مردان شاہ، قیم عظیم بارن، نائب امراء مولانا عبدالکریم بلیدی،مولانا غلام رسول احمدانی،مولانا محمد موسیٰ ملاح، اللہ بچایو ہالیپوتہ، مقامی امیر ایاز لطیف سومرو اورجامعہ اسلامیہ کے مہتمم فتح خان کھوسہ بھی موجود تھے۔
دریں اثناء امیرصوبہ نے بدین کے سینئر صحافی محمد علی بلیدی سے بھی ملاقات کی انکو جان سے مارنے والی دہمکیوں کی مذمت،ملزمان کی گرفتاری اورتحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔