حکومتی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز ،وزیر اعظم اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ ایک ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے پاسپورٹ کی تمام ادائیگیاں آن لائن وصول کی جائیں گی، ادائیگیوں کا یہ آن لائن سسٹم اس ماہ کے آخر تک کام کرنا شروع کر دے کا، شہریوں کو لمبی قطاروں سے نجات مل سکے گی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل اکانومی کے وزن کے مطابق عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔وزیر اعظم اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کی سربراہی میں ڈائیریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ  نے کامیابی کے ساتھ ایک ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے پاسپورٹ کی تمام ادائیگیاں آن لائن وصول کی جائیں گی ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے شہریوں کو بینکوں کی لمبی قطاروں سے نجات مل سکے گی۔ وزیر داخلہ نے اس پراجیکٹ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیاہے۔اس سلسلے میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ سلمان صوفی نے مزید کہا کہ ادائیگیوں کا یہ آن لائن سسٹم اس ماہ کے آخر تک کام کرنا شروع کر دے کا۔ پاکستان بھر میں کسی بھی جگہ ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے آسانی کے ساتھ گھر بیٹھے پیمنٹ کی جا سکے گی اور شہری کو بینک کا چکر نہیں لگانا پڑے گا۔