نوجوان عمران خان کے ساتھ ہیں،وزیر اعظم آزاد کشمیر


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان بھی عمران خان کے ساتھ ہیں، جمہوریت کا نام سب کو برابری کے حقوق دینا ہوتا ہے، خدارا جمہوریت کو آگے بڑھنے دیں صرف ملک کا فائدہ سوچیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے پی ٹی آئی کنٹرول روم کا دورہ کیا، وہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتنے لوگ یہاں موجود ہیں نوجوانوں سمیت ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جمہوریت کا نام سب کو برابری کے حقوق دینا ہوتا ہے، یہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام جا کے اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں، مگر پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہو رہا ہے قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو حق ہونا چاہئے کہ وہ اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں، خدارا جمہوریت کو آگے بڑھنے دیں صرف ملک کا فائدہ سوچیں۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ہمارے کشمیریوں کا بھی پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی بھلائی سب سے پہلے ہے، خان صاحب کے آنے سے ایک نئی قوت سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بھی خان صاحب کے ساتھ ہیں، جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد نکلی اس لیے پاکستان کو دنیا بھر میں تماشہ نہ بنائیں۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ غنڈہ گردی نہیں کرنی چاہیے، ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے سہولت دینی چاہیے، پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سے کہنا چاہتا ہوں پاکستان کی جگ ہنسائی نہ کریں۔