اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس میں، میں نے گوادر بریک واٹر پراجیکٹ میں مجرمانہ تاخیر کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 445 ملین ڈالر کی گرانٹ، 484 ملین ڈالر کے آسان قرض اور فزیبلٹی کی دستیابی کے باوجود گوادر بریک واٹر پراجیکٹ کو نظر انداز کرنا انتہائی حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی سے لے کر انفرا اسٹرکچر تک، تمام منصوبے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے تاخیر کی وجہ سے ملک کو مہنگے پڑے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب دکھانے کا نہیں بلکہ عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں صرف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا معاملہ نہیں، بلکہ سی پیک کا حصہ ہونے کی وجہ سے اس کی سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹیجک اہمیت غیر معمولی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کو خوش حالی میں تبدیل کرنا ہماری اجتماعی ذمے داری اور میرا مشن ہے۔