حکومت بارش متاثرین کی مدکریں نقصانات کا ازالہ اور متاثرین کی فی الفور امدادیقینی بنائیں ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت بارش متاثرین کی مدکریں نقصانات کا ازالہ اور متاثرین کی فی الفور امدادیقینی بنائیں ۔حکومتی نااہلی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے ہر طرف پریشانی مشکلات اور ناانصافی ہے۔حکومت کوئٹہ کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔بلوچستان کو ریگستان بنانے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے ۔صوبے میں احتساب نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرف بے حسی غفلت وکوتاہی کا دوردورہ ہے حکومت خواب غفلت سے بیدار ہوکر عوام کے مسائل حل کریں ۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے ۔معاشی طور پر ملک کو کنگال،معیشت کوآئی ایم ایف کے حوالے کر نے والے ملک کے دشمن ہیں آج بھی یہی معاشی دشمن بڑے بڑے عہدوں پر براجمان یا بیرون ملک پاکستان کے وسائل ومراعات پر مزے کر رہے ہیں احتساب نہ ہونے کی وجہ سے ہر طرف لوٹ مار جاری ہے آئی ایم ایف نے بھی ہمیشہ لٹیروں سے معاہدے کرکے ملک کو تباہی وبربادی تک پہنچایاجس کی وجہ سے آج پاکستان بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے مقروض ہیں۔مہنگائی بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے عوام بھوک پیاس کاشکار ہیں جماعت اسلامی قوم کومسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے ۔ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتے۔ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم والے قوم کے بجائے ذاتی مفادات کا شکار اورامریکی وفادار ہیں ۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم جماعتو ں نے سول وفوجی اسٹبلشمنٹ کے آشیر باد سے بار بار حکومت کی، مگر کسی نے غریب کے بچے کو عزت نہیں دی۔ حکمران طبقہ ظالم ،عوام مظلوم ہے، اب مظلوموں کا دور آنے والا ہے۔

ملک میں غربت، کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے اسلامی نظام ضروری ہے۔ قوم ایک موقع جماعت اسلامی کو دینا چاہتی ہے، سٹیٹس کو کے علمبردار جتنی بھی کوشش کرلیں انھیں روک نہیں سکتے۔ بلوچستان کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ صوبے میں حقیقی قیادت کا فقدان، حکمرانوں کو اوپر سے مسلط کیا جاتا ہے۔ بلوچستان کو گریٹ گیم کا حصہ نہ بنایا جائے، دشمن کی نظریں صوبے کے وسائل پر ہیں۔ بلوچستان کے 29لاکھ بچوں میں سے 22لاکھ تعلیم کی سہولت سے محروم، پورے صوبے میں صرف 97کالجز ہیں۔ صوبے کے عوام کی روزانہ فی کس آمدنی ایک ڈالر سے بھی کم، 68فیصد صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ بلوچستان کے غیور اور غیرت مند عوام کو وسائل سے دور رکھا گیا۔ ایک آدمی کے پاس لاکھوں ایکڑ زمین ہے اور دوسرمعمولی چھوٹے گھر سے بھی محروم، یہ کہاں کا انصاف ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی۔ ہم عوام کو بنیادی انسانی حقوق ،انصا ف ،تعلیم ونوجوانوں کوباعزت روزگار دیں گے۔ جماعت اسلامی عدالتوں میں انگریزوں کے نظام کی بجائے قرآن کا نظام لائے گی#