جموں(کے پی آئی)نیشنل کانفرنس جموں کے صدر رتن لال گپتا نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت قابض حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیری عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
رتن لال گپتا نے ضلع سانبہ کے علاقے وجے پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370اور 35اے کی منسوخی کے بعد حکومت کی طرف سے بے مثال ترقی کے حوالے سے کئے گئے بلند و بانگ دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ حالات بد سے بدتر ہو چکے ہیں۔ رتن لال گپتا نے جموں و کشمیر میں انتہائی غیر مستحکم صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مودی حکومت اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اس کی کٹھ پتلیوں کی طرف سے اختیار کی گئی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگاری عروج پر ہے اور مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے۔این سی لیڈر نے کہا کہ انتظامیہ جموں و کشمیر کے عوام کو پانی، بجلی اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔