عمران خان نے ڈونلڈ لو  اور امریکی حکومت سے معافی مانگ لی ہے،وزیر دفاع کا دعویٰ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف  نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈونلڈ لو  اور امریکی حکومت سے معافی مانگ لی ہے،پی ٹی آئی کے راہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی تلافی کی تمام تفصیلات اور شواہد ہمارے پاس آ چکے ہیں، پاکستان میں امریکہ کے خلاف نعرے لگانے والا امریکہ کے پیر پکڑ رہا ہے، عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے، ڈونلڈ لو سے منتیں ترلے کئے جا رہے ہیں

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بڑا انکشاف کیا، ایک بیان میں کہا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو سے پی ٹی آئی نے معافی مانگ لی ہے، ہم نے اس سے متعلقہ تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، پی ٹی آئی کے راہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی تلافی کی تمام تفصیلات اور شواہد ہمارے پاس آ چکے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکہ کے خلاف نعرے لگانے والا امریکہ کے پیر پکڑ رہا ہے، عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے، سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں سے ٹوٹا تھا، عمران خان نے امریکی سفارت کار کو پیغام دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے، ڈونلڈ لو سے منتیں ترلے کئے جا رہے ہیں۔