لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے وعدہ خلافی کے باعث عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پاکستان کی ناک کی لکیریں نکلوا رہا ہے۔عمران خان کی وجہ سے آج آئی ایم ایف کو پاکستان پر اعتبار نہیں رہا،
پی پی 167 کے علاقے گرین ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا احساس ہے، عوام کو جب بھی تکلیف ہو گی عوام عوام کے درمیان ہوں گے، پریڈ گراونڈ میں فتنہ خان جلسہ کر رہا ہے، پورے پاکستان میں اتنے لوگ اکٹھے نہیں ہوئے جتنے گرین ٹاون میں اکٹھے ہوئے ہیں، مہنگائی کا سلسلہ گزشتہ چار سال سے جاری ہے، حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ عوم کو مسائل سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، مخالفین نے سوچا مریم نواز اب عوام میں نہیں نکلے گی، عوام کو جب تکلیف ہو گی میں میدان میں ہونگی، نواز شریف نے کہا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دل پر پتھر پر رکھ بڑھائیں، نواز شریف، شہباز شریف آپ کو بحرانوں سے نکالیں گے، عالمی منڈی میں کمی ہوئی تو ہم پٹرول کی قیمت کم کریں گے، فتنہ خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، عمران خان کے وعدہ خلافی کے باعث آئی ایم ایف پاکستان کی ناک کی لکیریں نکلوا رہا ہے، آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کو واضح کیا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے اب انہیں پاکستان پر اعتبار نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر مسلط ہوا اور اس نے خزانے کو خالی کردیا، بات توشہ خانے کی نہیں بلکہ عادت کی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان کا خزانہ خالی ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جگہ جگہ جاکر اپنی حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، کیا عوام نے اسے پاکستان ٹھیکے پر دیا ہوا تھا جو لوٹ کھسوٹ کرنے دیتے۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے چلینجز میں حکومت حاصل کی اور عوام یقین رکھے کہ ملک کو چلینجز سے بھی مسلم لیگ ن ہی نکالے گی۔مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کا ساتھ دیں ہم آپ کو ان مشکلات سے نکالیں گے، آج ہمیں قیمتیں بڑھانی پڑ رہیں تو یہ فتنہ خان کی وجہ سے ہے، پوری محنت کے ساتھ نواز شریف اور شہباز شریف آپکو ان بحرانوں سے نکالیں گے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے دعوی کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ہمیں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ پر بڑھانی پڑ رہی ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم مانیکا گزشتہ چار سالوں میں ارب پتی ہوگیا جبکہ فرح گوگی نے بھی عوام کا پیسہ خوب لوٹا، ہمارے امیدوار نذیر چوہان جیسے لوگوں نے پنجاب کے عوام کی ان ظالموں سے جان چھڑائی جس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں