اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے اتحادیوں کے ساتھ معاملات حل کرنے کے لئے سابق صد آصف علی زرداری سے مدد طلب کرلی۔ وزیراعظم سے آصف علی زر داری، بلاول بھٹو کی ملاقات، چیئرمین نیب کی تقرری ،موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،
ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی سے متعلق ایم کیوایم کے خدشات اور بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے۔ وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی،
اس موقع پروفاقی وزرا راناثنا اللہ، ایازصادق، خواجہ سعد رفیق اور ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی سے متعلق ایم کیوایم کے خدشات اور بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین نیب کی تقرری سمیت حکومتی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
شہباز شریف نے آصف زرداری کو اتحادیوں کو منانے، ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے ہونے چاہئیں۔ جس پرسابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے۔