آرمی چیف سے کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی کی ملاقات


راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی کی جی ایچ کیو میں ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی نے بدھ کے روزجی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا  جہاں معزز مہمان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ہم اپنی تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی نے پاکستان میں چینی اہلکاروں کے تحفظ اور علاقائی استحکام کیلئے اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔