جموں۔۔۔ مقبوضہ کشمیرمیں آج جمعرات سے شروع ہوانے والی امرناتھ ہندویاترا کا پہلا قافلہ آج جموں سے سرینگر کی طرف روانہ ہوا۔ جموں کے بیس کیمپ سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
کے پی آئی کے مطابق 43 روزہ یاترا جمعرات 30 جون کو شروع ہوگی۔ اس سلسلے میں یاتریوں کی اکثریت بھگوتی نگر بیس یاتری نواس میں رکھی جائے گی ، یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے۔
مودی سرکار کی نگرانی میں امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کے لئے کئے گئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، ان یاتریوں کے لئے تمام انتظامات تقریباً مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہیں مفت اور صاف ستھری خوراک، صحت کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور دیگر تمام سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ لنگر والے بھی پہنچ چکے ہیں اور کل سے کھانا فراہم کرنا شروع کر دیں گے، جب یاتریوں کی اکثریت جموں پہنچ جائے گی۔ لیکن بنیادی توجہ سیکورٹی پر ہے کیونکہ اس بار یاتری نواس اور اس کے آس پاس سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
خصوصی کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے چوکسی رکھی جارہی ہے۔وہیں دوسری جانب سرینگرجموں قومی شاہراہ کے اہم مقامات پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے اور شہراہ پر بڑی تعداد میں نئے بنکر تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ یاترا خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی جائے۔ ۔۔