پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کیلئے اسکالرشپ منصوبے کے معاہدے پر دستخط


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے اسکالرشپ کے پروجیکٹس کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدام، پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کیلئے اسکالرشپ منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے،معاہدے کے تحت جاپان پاکستان کو 23 لاکھ ڈالر سے زائد امدادی گرانٹ فراہم کریگا، پاکستانیوں کو جاپان میں ماسٹر ڈگری پروگرام کے لیے 17 اور ڈاکٹریٹ پروگرام کے لیے ایک اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔

 ایک بیان میں اقتصادی امور ڈویژن نے بتایا کہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اسکالرشپ پروجیکٹ کیلئے پاکستان اور جاپان میں معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے تحت جاپان پاکستان کو2.3 ملین ڈالر کی امدادی گرانٹ فراہم کرے گا ،گرانٹ کی فراہمی کے لئے وزارت اقتصادی امور میں  دستخطوں کی تقریب کا انعقاد منگل کے روز کیا گیا،  اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری میاں اسد حیا الدین اور جاپانی ناظم الامور ایشی کینسوکے نے دستخط کیے۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے نمائندے اور اقتصادی امور کے جوائنٹ سیکرٹری نے بھی منصوبے پر عمل درآمد بارے گرانٹ معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کے تحت حکومت جاپان اعلیٰ یونیورسٹیوں میں پاکستانی افسران کو دو سال کے لیے اسکالر شپ فراہم کرے گی، دو سالہ پروگرام میں ماسٹر ڈگری پروگرام کے لیے 17 اور ڈاکٹریٹ پروگرام کے لیے 03 سال کے لیے 1 اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ اقتصادی امور ڈویژن کا کہنا ہے کہ  پہلی بار پاکستان میں 2018 میں متعارف پروگرام سے اب تک جے ڈی ایس فیلوکے چار بیچ اس اسکالرشپ سے مستفید ہوئے، جے ڈی ایس کا بنیادی مقصد حکومت پاکستان کی انتظامی استعداد کو مضبوط کرنا ہے،  وزارت قتصادی امور کے سیکرٹری  نے جاپانی حکومت اور عوام کے تعاون پرجاپان کی تعریف کی۔