بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں ،الیکشن کمیشن


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں تمام حکومتوں اور جماعتوں کو رکاوٹ قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ تمام حکومتوں اور سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات میں مشکلات کھڑی کی ہیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے رکاوٹوں کے باوجود کنٹونمنٹ بورڈ اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کو ممکن بنایا، صوبہ سندھ اور بلوچستان کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کو بھی ممکن بنایا گیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں ناخوشگوار واقعات پر آئی جی سے 3دن میں رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پولنگ عملے کی غیر موجودگی، بیلٹ پیپرز کی بے ضابطگی، اور خاتون پریذائیڈنگ افسر کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ الیکشن کمیشن کا جلد اجلاس ہوگا، الیکشن کمیشن نے پی پی 167لاہور میں فائرنگ کے واقعات کا بھی نوٹس لے لیا ہے اور 3رکنی انکوائری کمیٹی سے 10دنوں میں رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران 2اموات جبکہ 2015میں تعداد 15تھی، اسی طرح حالیہ بلدیاتی انتخابات میں 10جبکہ 2015میں 13واقعات ہوئے۔