کٹھ پتلیوں کا پھیلایا گیا اقتصادی فساد قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہوتا جارہا ہے،اسد عمر


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمرنے کہا ہے کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کا پھیلایا گیا اقتصادی فساد قومی سلامتی کیلئے بے حد خطرناک ہوتا جارہا ہے، مسلط مجرموں نے محض 9 ہفتوں میں معیشت کو بربادی، عوام کو اذیت ناک مہنگائی کا ٹرن آراونڈ دیا ہے،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ فوری صاف شفاف انتخابات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کے روزدوجولائی کو پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں مہنگائی اور معاشی تباہی کیخلاف احتجاج کی تیاریوں کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر 2 جولائی کو پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں مہنگائی اور معاشی تباہی کیخلاف احتجاج  کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا گیا، اس سلسلہ میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر کی زیر صدارت مرکزی ذمہ داران کا اہم اجلاس  اسلام آباد میں ہوا، جس میں مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل  عامر محمود کیانی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان ،پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان، سابق رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز، مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد خان، سیکرٹری ای ایم سی ڈاکٹر افتخار درانی اور مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ صبغت اللہ ورک  نے شرکت کی۔ اجلاس میں 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گرانڈ میں تاریخی احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا، راولپنڈی اور اسلام آباد سے شہریوں کی احتجاج میں شمولیت کو سہل بنانے کی حکمت عملی کا خصوصی جائزہ  لیا گیا جبکہ جلسہ گاہ و سٹیج کی تیاری، آمد و رفت کے راستوں اور جامع سیکیورٹی پلان پر بھی مفصل غور ہوا۔

مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان جلسہ انتظامیہ کمیٹی کے نگران مقرر  کئے گئے، جلسے کے موثر انتظامات اور دیگر امور کی دیکھ بھال کیلئے دیگر ذمہ داران کا تعین بھی کردیا گیا۔ اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ  2 جولائی  کا جلسہ سازش سے مسلط امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں بدترین مہنگائی کیخلاف احتجاج کی تاریخ رقم کریگا ، سازش کی عجلت میں بغیر تیاری مسلط ہونے والے نالائق، نااہل اور  امپورٹڈ مجرموں نے محض 9 ہفتوں میں معیشت کو بربادی، عوام کو اذیت ناک مہنگائی کا ٹرن آراونڈ دیا ہے، اپنی چوری بچانے کیلئے کرپٹ گروہ نے نیب تباہ، احتساب و انصاف کے نظام کو بربادی کے ٹرن آراونڈ سے دوچار کیا ہے،  تنخواہ دار اور سفید پوش اکثریت کیلئے دو وقت کی روٹی میسر کرنا مشکل، بڑی صنعتوں کے چلتے پہیے کو بریکیں لگادی گئی ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کی زندگی اجیرن بنا کر معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے،  امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کا پھیلایا گیا اقتصادی فساد قومی سلامتی کیلئے بے حد خطرناک ہوتا جارہا ہے، عمران خان پاکستان کی سیاست، معیشت اور مستقبل کیخلاف مقامی میرجعفروں کی مدد سے کی جانے والی یلغار کیخلاف مزاحمت کا واحد استعارہ ہیں،  2 جولائی کو راولپنڈی اسلام آباد کے عوام امپورٹڈ مہنگائی، لاقانونیت اور سول آمریت کیخلاف نکلیں گے۔  سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  عمران خان کی کال پر پرامن احتجاج حقیقی آزادی کی تحریک کا اہم سنگِ میل ثابت ہوگا،  کارکنان و ذمہ داران جلسے کے معیاری انتظامات یقینی بنائیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں، بلاتاخیر اعلان کیا جائے۔