بڑی صنعتوں پرسپر ٹیکس لگانے سے قیمتیں نہیں بڑھنی چاہیے،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بڑی صنعتوں پرسپر ٹیکس لگانے سے قیمتیں نہیں بڑھنی چاہیے حکومت ان صنعتوں کو نرض نہ بڑھانے کا پابند کریں بصورت دیگر پھر بوجھ غریب عوام پرڈال دیا جائیگا ۔حکومتی سطح پر سادگی قناعت کم خرچ کو اپنایاجائے وزرا ،وبیوروکریسی ،آفیسرزکو مختلف مراعات پٹرول ،یوٹیلٹی بلز،وی آئی پی سفری سہولیات ،بیرون ملک علاج وتعلیم اور رہائش پر پابندی لگائی جائیں۔غریب عوام،چھوٹے ٹاجر،ملازمین پر بوجھ ڈالنے کے بجائے مراعات یافتہ طبقہ اور سرمایہ داروں پر ٹیکس لگایاجائے۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ بدعنوان حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار، غربت کی وجہ سے ساڑھے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ پاکستان کی 80فیصد سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم، مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہر پاکستانی کے لیے لازم ہے۔ جماعت اسلامی واحد آپشن، عوام ساتھ دیں، ملک کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ جب پی ٹی آئی کی حکومت میں ایف اے ٹی ایف اورڈومیسٹک وائیلنس بل اسمبلی سے پاس ہورہے تھے تو موجودہ وزیراعظم نے ان کا راستہ روکنے کے بجائے اسمبلی سے واک آئوٹ کیا۔ اسی طرح توہین رسالت کی پھا نسی کا سزا کے خاتمہ کے لئے پی ٹی آئی کے ایک وزیر نے یو این او کو خط لکھا۔ اسی لئے جماعت اسلامی یہ کہتی ہے کہ موجودہ حکومت اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ ملک کی معاشی اور تعلیمی سمیت دیگر پالیسیاں امریکہ اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائی جاتی ہیں۔ ان حکمرانوں نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالہ کر دیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی قسمت کے فیصلے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کررہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین بھی ان کی ہدا یات پرکیا جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا جبکہ روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے جس کے با عث ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے اور غریب کے لئے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ بے روز گاری بڑھ رہی ہے ،پڑھے لکھے نوجوان ملازمت کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ملک میں 8 کروڑ افراد غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں آئی ایم ایف کے غلام ہیں۔ پہلے اس موجودہ فرسودہ نظام کی پی ٹی آئی چوکیداری کر رہی تھی اب پی ڈی ایم رکھوالی پر تعینات ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے پیپلز پا رٹی سندھ میں جبکہ پی ٹی آئی گزشتہ 9 سالوں سے خیبر پختون خوا  میں حکومت کررہی ہیں، پنجاب میں ن لیگ کئی سالوں سے مسلط ہے، جب کہ بلوچستان میں بھی یہی لوگ حکمران ہیں لیکن عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے اور کرپشن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں قرآن اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے بغیر ملک کے مسا ئل حل نہیں ہوسکتے جما عت اسلامی کے پاس ملک کے مسا ئل حل کرنے اور ملک کو معا شی بحرانوں نے نکالنے کی صلا حیت موجود ہے #