اسلام آباد(صباح نیوز)جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما محمد ضمیر کشمیری سعودی عرب میں اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ،ان کی نماز جنازہ کل ہفتہ کو بعد از نماز ظہر 2 بجے مرحوم کے آبائی گاؤں پونا، سماہنی آزاد کشمیر میں ادا کر دی جائے گی ،
ضمیر کشمیری مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین کے باعث “اسیر وحدت لانگ مارچ” ایک روز کے لئے ملتوی کردیا گیا ، تفصیلات دیتے ہوئے پارٹی ترجمان نے کہا کہ مرحوم کا تعلق گاوں پونا، تحصیل سماہنی، ضلع بھمبرسے تھا جبکہ کئی سالوں سے وہ سعودی عرب کے د ارلحکومت الریاض میں ذریعے معاش کے سلسلے میں مقیم تھے۔مرحوم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف زون کی سعودی عرب برانچ میں خمیس مشیط یونٹ کے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہے تھیترجمان کے مطابق مرحوم کا چند روز قبل سعودی عرب میں اللہ تعالی کی منشا کے مطابق حرکت قلب اچانک بند ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوئی اور جمعہ 24 جون رات 11 بجے مرحوم کی میت بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کی جملہ قیادت ضمیر کشمیری مرحوم جیسے نیک سیرت اور انسان پرور تحریکی ساتھی کی جدائی سے غم زدہ اور اشک بارہیں۔
ترجمان نے جملہ پارٹی قیادت کی طرف سے محمد ضمیر کشمیری کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جدائی کو تحریک و تنظیم کے لئے بڑا نقصان قرار دیا۔پارٹی ترجمان کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ 25 جون بروز ہفتہ دن 2 بجے بعد از نماز ظہر ان کے آبائی گاوں پونا، سماہنی میں ادا کر دی جائے گیجس میں قریبی رشتہ داروں کے علاوہ عوام علاقہ اور لبریشن فرنٹ کی جملہ قیادت شریک ہوگی۔ترجمان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنماوں کی ہنگامی مشاورت میں 25 جون کے روز مرحوم ضمیر کشمیری کی علاقے میں منعقدہ نماز جنازہ اور تدفین کے باعث “اسیر وحدت لانگ مارچ” ایک روز کے لئے ملتوی کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے،
فیصلے کے مطابق تحصیل سماہنی ضلع بھمبر سے 25 جون بروز ہفتہ کو چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کی رہائی اور بین الاقوامی برادری کی توجہ مسئلہ کی طرف مبذول کرانے کے لئے شروع ہونے والا “اسیر وحدت لانگ مارچ” اب 26 جون بروز اتوار کی علی الصبح پارٹی کے مرکزی و زونل رہنماوں کی قیادت میں ضلع بھمبر سے نکلے گا جو آزاد کشمیر کے بیشتر تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹرز سے گذرتے ہوئے بلآخران شا اللہ 27 جون بروز پیر سہ پہر کے قریب مظفرآباد پہنچے گا جہاں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کے ساتھ 28 جون کے روز ہونے والی متوقع ملاقات تک دھرنا دیا جائے گا،