جماعت سلامی سندھ کا افغانستان میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے افغانستان کے صوبے پکتیا میں زلزلے کے نتیجے میںبڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سمیت تمام این جی اوز، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ برادر ملک افغانستان میں آنے والے قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے، زخمیوں کے علاج معالجے اور شہداء کے خاندانون کی کفالت سمیت مالی نقصانات کا بھرپور جائزہ لیکر ہنگامی امدادی کاروائیوں کا آغاز کریں تاکہ افغان عوام کی بروقت مدد کی جاسکے۔

انہوں نے آج افغان عوام کے لیے اپنے پیغام  میں متاثرخاندانوں سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اورپاکستانی عوام افغانستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پکتیا میں زلزلے کے نتیجے میں جانی ومالی نقصانات پر کافی دکھ ہوا اور ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے تمام متاثرہ افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دْعا کی ہے ۔