شہدادکوٹ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ووٹ انقلاب وتبدیلی اور ظالم وجابر قوتوں سے انتقام لینے کا بہترین ذریعہ ہے، ووٹ کی طاقت سے ملک وقوم کا مستقبل بھتر بنایا جاسکتا ہے، عوام کی خدمت وہی لوگ ہی کرسکتے ہیں جو عوام کے درمیان رہتے ہوں، ملک میں حقیقی تبدیلی اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عوام جماعت اسلامی کے مخلص ،اہل ودیانتدار نمائندوں کے نشان ترازوپر مہر لگاکر کامیاب کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ محلہ شہداد کوٹ میں وارڈ نمبر 13کے امیدوار ڈاکٹر امتیاز شیخ کی کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا، صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن ،معروف دانشور سید گل محمد شاہ گل بخاری ،الخدمت کے ضلعی صدر محمد ابراہیم دایو اور ڈاکٹر امتیاز احمد شیخ نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ ووٹ طاقت،امانت اور تبدیلی کی نوید ہے،عوام ایسے نمائندے بلدیاتی انتخابات میں منتخب کریں جو کہ شہر کی تعمیر وترقی کے ساتھ ان کے دکھ درد میں شریک اور بنیادی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، جن کے اثاثے ملک سے باہر اوربچوں کو تعلیم وعلاج باہر سے کرائیں ان کو ملک و قم کے مسائل ومشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی اس لیے جماعت اسلامی عوام کے پاس بہترین آپشن ہے، سندھ کے عوام نے سب کو آزمالیا ہم کھوکھلے نعروں ودعووں پر نہیں عملی کام پر یقین رکھتی ہے، کراچی میں سابق میئر نعمت اللہ خان وعبدالستار افغانی کا کام وکارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔
وارڈ نمبر 13پر جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر امتیاز شیخ نے کہا کہ شہداکوٹ بلدیہ کی سوا 2 کروڑ ماہانہ بجٹ کے باوجود شہر گندگی کا ڈھیر اور نکاسی آب سسٹم تباہ ہے، جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود کورونا وبا میں ادویات وراشن سمیت دیگر امدادی سامان کی مد میں سوا ایک کروڑ روپے جبکہ رمضان راشن 25لاکھ روپے کا شہر کے مستحق افراد میں تقسیم کیا،ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی احسان نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر عوام کی خدمت کی۔
اس وقت بھی پورے ضلع میں صحت، تعلیم ،صاف پانی، روزگار،بلاسودی قرض اور یتیم بچوں کی کفالت کے میدان میں کام کررہے ہیں۔ شہر کے عوام نے خدمت کا موقعہ دیا تو ان کے اعتمادد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔قبل ازیں امیر صوبہ نے مقامی دفتر میں ضلعی ذمہ داران اور نامزد بلدیاتی امیدواران کے اجلاس میں شرکت وخطاب کیا۔ اجلاس میں اب تک کی تیاریوں کا جائزہ اور حکمت عملی پر غور کیا گیا۔صوبائی امیر نے زور دیا کہ قوم کو جماعت اسلامی کی دعوت ومنشور اور انتخابی نشان ترازو سے آگاہ کریں۔