سابقہ و موجودہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں،محمد حسین محنتی


ڈہرکی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سابقہ و موجودہ حکمران عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، جنہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔پی ٹی آئی کی طرح شہباز شریف کی قیادت میں قائم پی ڈی ایم حکومت میں میں بھی وہی پارٹیاں شامل ہیں۔ مگر مہنگائی سے لیکر لوڈ شیڈنگ تک عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کی مخلص و دیانتدار قیادت ہی عوام کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔ پٹرول قیمتوں میں اضافے کے خلاف اتوار 19 جون کو سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔

قبل ازیں صوبائی امیر نے ضلعی ذمے داران اور بلدیاتی امیدواران کے جائزہ اجلاس سے بھی خطاب کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن ملک و قوم کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی مخالفین کے فارم رد و حراساں کرکے سندھ کے بلدیاتی انتخابی عمل کو چرانا چاہتی ہے۔ 1970 سے لیکر آج تک پیپلز پارٹی کسیی نہ کسی شکل میں اقتدار میں رہی ہے مگر اس نے سندھ میں لوٹ مار اور تباہی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے صوبائی امیر نے چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ میں حکمراں جماعت کی جانب سے  ووٹر لسٹوں میں ردوبدل اور مخالف امیدواروں کو حراساں کرنے والے عمل کا سختی سے نوٹس اور صوبہ فری اینڈ فیئر انتخابات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقدار کے بغیر ڈہرکی سمیت سندھ الخدمت کے پلیٹ فارم سے صافی پانی روزگار اور صحت و تعلیم کے میدان میں سندھ کے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔جماعت اسلامی کی قیادت و کارکنان عوام کی خدمت کا بڑا تجربہ رکھتے ہیں۔کراچی کے سابق میئر عبدالستار آفغانی اور نعمت اللہ خان کا کام و کردار پوری قوم کے سامنے ہیں۔ اس لیے عوام اپنے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لیے 26 جون کو ترازو کے نشان پر مہر لگائیں۔۔امیر صوبہ نے یوسی بیروٹہ سے جماعت اسلامی کے بلامقابلا کونسلر حافظ مولا بخش مشاری کو مبارکباد اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی، نائب امیر مولانا یوسف مزاری، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔