اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے مقابلے کیلئے میں اکیلی ہی کافی ہوں،ملک کو اس نہج پر عمران خان لے کر آیا،عمران کے آئی ایم ایف سے معاہدے کا کڑوا گھونٹ شہباز حکومت کو پینا پڑ رہا ہے،ہماری مجبوری ہے کہ اگر معاہدہ توڑتے ہیں تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، عمران کا خیال تھا کہ اگر میں جاوں گا تو اگلی حکومت کو برباد کر کے جاوں گا، شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں کیا، عمران نے تباہی مچائی اس سے نکلنے میں مہینوں یا سال لگ جائیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس نہج پر عمران خان لے کر آیا، شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں اپنی طرف سے ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا، شہباز شریف نے ایک روپیہ پیٹرول پر ٹیکس نہیں لگایا، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی پابند ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کا معاہدہ کیا گیا تھا، پچھلے بجٹ میں پیٹرول پر لیوی اور سیلز ٹیکس بڑھانے کا اعلان کیا تھا، جو آئی ایم ایف کا معاہدہ تھا اس پر عمل کرنا تھا، یہ کڑوا گھونٹ اس حکومت کو پینا پڑ رہا ہے، گزشتہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی چار روپے ہر مہینے بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، گزشتہ حکومت کے معاہدے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 300 روپے ہونی چاہیے، ہماری مجبوری ہے کہ اگر معاہدہ توڑتے ہیں تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے جاتے جاتے جو تباہی مچائی اس سے نکلنے میں مہینوں یا سال لگ جائیں گے، وہ معیشت پر ایسا بوجھ ڈال گئے جسے اٹھانے کی معیشت میں ہمت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت جاتی ہے وہ عوام کو اپنی کارکردگی بتاتی ہے، ان کے ارکان نے عوام کو بتایا کہ عمران خان جاتے جاتے نئی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گیا، یہ وہی 2019 کا معاہدہ ہے جو عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے کر کے آئی تھی، ان کو پتا ہی نہیں تھا کہ معیشت کس طرح چلانی ہے، پاکستان اور معیشت کو گروی رکھ کر انہوں نے آئی ایم ایف سے پیسے لیے ، عمران خان کا خیال تھا کہ نہ کھیلوں گا نہ آنے والی حکومت کو کچھ کرنے دوں گا، جاتے جاتے جو فیصلہ کر گئے یہ جانتے تھے کہ ملک بحران میں چلا جائے گا۔ عمران خان کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے جھوٹ کو توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کوئی سیاسی بات نہیں کر رہے، وہ حقائق پر بات کررہے ہیں، عمران خان نے اپنی سیاست کے لیے پاکستان کی سیکیورٹی اور سیکیورٹی اداروں کو داو پر لگا دیا ہے، قوم سمجھ چکی ہے کہ وہ فراڈ تھا، اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے، سوال یہ نہیں ہے کہ مداخلت ہوئی یا سازش ہوئی، عمران خان کہہ رہا ہے کہ سیاسی معاملہ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کو بولنے کی ضرورت نہیں، اگر ایسا تھا تو عمران خان خود اس کو قومی سلامتی کمیٹی( این ایس سی) میں کیوں لے کر گئے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا مشرف سے متعلق بیان انسانی بنیادوں پر تھا، میرے سامنے نواز شریف کو کراچی کی عدالت میں دو بار عمر قید کی سزا سنائی گئی، جلا وطنی کے دوران میرے دادا کا انتقال ہوا، میرے والد تدفین کیلئے نہ آسکے، سابق وزیر اعظم نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا۔
مریم نواز نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو سب سے پہلے نواز شریف اسپتال پہنچے اور 2013 میں عمران خان جب کنٹینر سے گرے تو میرے والد اسپتال خبر گیری کیلئے گئے۔ لیگی رہنما نے کہاکہ یہ اتحادیوں کی حکومت ہے، میں بھی اس کی نمائندگی کررہی ہوں، عمران خان کی جماعت کے مقابلے کیلئے میں اکیلی ہی کافی ہوں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ لوگوں کو آگے کر کے خود ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے سے انقلاب نہیں آیا کرتے، عمران خان کے خلاف ایک کے بعد ایک اسکینڈل سامنے آرہا ہے، منی گالہ گینگ کی فرنٹ پرسن فرح گوگی کے پاس پیسہ گیا، تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے عمران خان نے ڈالے، یہ باتیں چھپیں گی نہیں، سامنے آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان اپنے مقررہ وقت پر انتخابات میں جائے گا، ووٹ کو عزت دو میرا آج بھی یہ بیانیہ ہے اور کل بھی رہے گا، ن لیگ کو کسی بیساکھیوں کی ضرورت نہیں، جس کو ضرورت تھی اس کو ملیں، جیسے ہی بیساکھیاں ہٹیں تو فتنہ خان منہ کے بل گرا۔