کراچی(صباح نیوز)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے دعا زہرا کیس سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا زہرا کا کیس ختم ہوچکا ، بچی کا معاملہ ہے اس پر بات نہ کی جائے تو اچھا ہے،تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے اقدامات اٹھانے کادعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولیس اسٹیشنز پر کیمرے لگانے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ آتے ہی تمام پولیس اسٹیشنز پر کیمرے لگانے کی ہدایت کی ہے،ایڈیشنل آئی جی تھا تو کراچی کے تھانوں میں کیمرے لگوائے، اب سندھ بھر لگوا رہے ہیں،کیمرے لگانے کا مقصد شہریوں کو غیر قانونی حراست سے بچانے اور سائلین کی شکایت دور کرنا ہے،تمام تھانوں کی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ ایس ایس پی دفاتر سے کی جائے گی، تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،
کئی افسران کے تبادلے بھی کیے ہیں۔ 31 کروڑ روپے ٹیکس دینے والے تاجر کے خلاف موبائل فون چھیننے سے متعلق سوال پر کہا کہ میں ابھی آیا ہوں، کیسز پرانے چل رہے ہیں، تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے، مقدمات کا جائزہ لیا جائے گا، آئی جی سندھ نے دعا زہرا کیس سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریزکرتے ہوئے کہا کہ معاملہ ختم ہوچکا ہے، بچی کا معاملہ ہے اس پر بات نہ کی جائے تو اچھا ہے۔