اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت کی جانب سے سی این جی سیکٹر کو 2 ماہ تک کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ،
وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی نے سردیوں کے لئے گیس لوڈ منیجمنٹ پلان کی تجاویز منظور کرلی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت جمعرات کو کابینہ توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا ،
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں گھریلو صارفین کو گیس کے سنگین بحران سے بچانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ توانائی کمیٹی کے اجلاس میں رواں موسم سرما کے دوران گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس بحران سے بچانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی کمیٹی نے کیپٹو پاور ، جنرل انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو 2 ماہ کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے۔کابینہ کمیٹی نے گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ اور سیمنٹ سیکٹر کے لئے گیس کی فراہمی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے ، گیس کی رسد سے متعلق تجاویز آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کی جائیں گی۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2021 میں 592 ایم ایم سی ایف ڈی گیس قلت کا تخمینہ ہے، جب کہ جنوری 2022 میں 772 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔