جماعت اسلامی مدینے جیسی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ


راولاکوٹ(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی مدینے جیسی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے جو پوری انسانیت کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی نے صحت تعلیم اور خدمت کے میدان میں شاندار خدمات سرانجام دی ہیں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے ،جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی کارکن تیاری کریں ،کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا مقبوضہ کشمیر کے اندر سید علی گیلانی ،اشرف صحرائی سمیت قائدین اور حریت پسند عوام کو بے دردی سے شہید کیا جارہا ہے حکومت پاکستان اور پاک فوج اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے لیڈر شپ کیمپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں مقصود،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر محمدتنویر انور خان،پروفیسر اشتیاق گوندل،پروفیسر ظفر حسن ظفر،زبیر منصوری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے قربانیاں پیش کی ہیں مقبوضہ کشمیر جماعت اسلامی ،

جماعت اسلامی پاکستان اور ہم نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں شہداء کے خون سے بے وفائی کرنے والوں کو عبرت ناک سے انجام سے دوچار ہونا پڑے گا کشمیری قربانیاں پیش کررہے ہیں اور صبح آزادی تک پیش کرتے رہیں بیس کیمپ کی جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی جاری رکھے گی جماعت اسلامی عوام کو بیدار کرے گی تا کہ حکومتوں پر دبائو ڈالا جائے تو کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں

انہوں نے کہاکہ جو کچھ یہاں سے سیکھا ہے اس کو عملی طور پر اپنے اپنے علاقوں میں جاکر کام کریں لوگوں کو جماعت میں شامل کریں عوامی مسائل کے ترجمان بنیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی بلدیاتی انتخابات کے ذریعے قیادت میسر ہو ایران،ترکی سمیت دیگر ممالک نے بلدیاتی انتخابات کے ذریعے قیادت کو سامنے لایا ہے ۔