شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے دانستہ غلط بیانی کر رہے ہیں،مفتی منیب الرحمن


کراچی(صباح نیوز)معروف عالم دین اور رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے دانستہ غلط بیانی کر رہے ہیں ۔قتل و غارت کے بغیر مسئلے کا حل ممکن ہے ۔

اپنے جاری بیان میں مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ہماری فہم کے مطابق قتل وغارت کے بغیر مسئلے کا حل ممکن ہے، شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے دانستہ غلط بیانی کر رہے ہیں کہ ٹی ایل پی کے ساتھ آخری معاہدے میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنا شامل نہیں ہے، صرف پارلیمنٹ میں پیش کرنا اور بحث کرنا شامل ہے،دیگر امور کے بارے میں وزیر داخلہ نے خود کہا: انہیں تسلیم کیا جاسکتا ہے، تو سوال یہ ہے کہ تسلیم کرنے میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو معلوم ہے کہ حکومت کے پاس طاقت بھی ہے اوراسے استعمال کرنے کا اختیار اور وسائل بھی اس کے پاس ہیں۔ لیکن ناحق قتل کبھی فراموش نہیں کیے جاتے، تاریخ کے ریکارڈمیں محفوظ رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی عدالت میں بھی سب سے پہلے قتلِ ناحق کے معاملات فیصل ہوں گے۔ لہٰذا وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل ہے کہ حکمت وتدبر سے کام لے کر اس مسئلے کا پرامن حل نکالا جائے، یہ لوگ پاکستانی ہیں، حُبِّ رسول ۖکے جذبے سے سرشار ہیں ، پاکستان کے وفادار ہیں، کسی غیر ملکی طاقت کے نمک خوار یا آلہ کار نہیں ہیں۔