کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبد ا لحق ہاشمی نے کہاہے کہ سابقہ وموجودہ حکومت نے ملک کی معیشت تجارت تباہ کر کے ملک کو آئی ایم ایف کا مقروض کر کے مستقل معاشی غلامی کی طرف دھکیل دیا ۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبات پر پٹرولیم مصنوعات وخوردنی اشیاء کی قیمتو ں میں اضافہ کر نا عوام دشمنی ہے۔حکومت عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے حکومتی سطح پر شاہ خرچیاں بند کریں ۔ارکان اسمبلی ، بھاری تنخواہ لینے والے آفیسرزوبیورکریٹ کی تنخواہوں ومراعات میں کمی کریں ۔
انہوں نے کہاکہ ملک کا بھاگ دوڑ سنبھالنے والے غلط بیانی کرتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔جماعت اسلامی ان لٹیروں کے خلاف ہرپلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے دیانت دار قیادت وحکومت لاکر عوامی مسائل حل اور اسلامی نظام قائم کرنے کی راہ ہموارکریگی۔ ترقی کے حکومتی دعوئوں کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی اکثریت حکومتی نااہلی ،بدعنوانی وبے حسی کی وجہ سے غربت، مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے ۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے ، پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے وعدوں کاکیا ہوااے پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت رِٹ بھی سابقہ حکومتوں کی طرح صرف غلط بیانی ،جھوٹے وعدوں ،بھاری سودی قرضوں کے حصول اور مہنگائی میں اضافے تک محدود ہے بلوچستان کے عوام کا کوئی ولی وارث نہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام73برسوں سے مسلط شدہ گردنوں پرسوارحکمران اشرافیہ سے تنگ آ چکی ہے اس ظلم وبدعنوانی کے نظام سے چھٹکارے کے لیے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ ،ترقی اور خوشحالی لانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ تحریک سے وابستہ افراد قرآن و سنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ اللہ کے دین کو غالب کرنے کا وقت آ گیا، انسانیت کی بقا اور سلامتی دینِ فطرت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام وقومیت کے نام پر سیاست کرنے والی بڑی نام نہاد پارٹیاں ناکام ہوئی بدعنوانی مہنگائی بے روزگار ی میں اضافہ ہوا عوام نے سب کو آزما لیا مگر سب نے باربار عوام کو دھوکہ دیا اب صرف جماعت اسلامی رہ گئی جس پر اعتمادکرکے ملک وملت کو بدعنوانی ،بے دینی ،مشکلات وپریشانیوں سے نجات دلایا جاسکتا ہے جماعت اسلامی خود بدعنوانی ،موروثیت ،لسانیت فرقہ واریت سے پاک ہے انشاء اللہ ملک وملت کو بھی ہر قسم کی ناسور سے پاک کرکے اسلامی نظام دیگی