برسلز:چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اکتیس سال پہلے سری نگر کے چوٹا بازار کے واقعے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹا بازار کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔یہ گیارہ جون کی بات ہے کہ جب بھارت کی مرکزی ریزو پولیس فورس کے اہلکاروں نے سری نگر کے علاقے چھوٹا بازار میں دکانداروں اور گلی کوچے میں میں سرعام فائرنگ کرکے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔ شہید ہونے والوں میں دوکاندار، عام لوگ اور راہگزر بھی شامل تھے۔ بائیس افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ حملے کا نشانہ بننے والوں میں ایک سالہ خاتون اور ایک دس سالہ بچہ بھی شامل تھے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے شہدا کی برسی پراپنے ایک بیان میں کہاکہ اکتیس سال ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک اس واقعے کے متاثرین اور مظلومین کو کوئی انصاف نہیں ملا۔ چھوٹا بازار کا دردناک واقعہ ابھی تک لوگوں کے ذہنوں میں موجود ہے۔ یہ ایک واقعہ نہیں بلکہ اس طرح کے کئی اور واقعات مقبوضہ کشمیر میں ہوچکے ہیں۔ جن کامقصد کشمیریوں کے مابین خوف پیدا کرنا ہے تاکہ وہ تحریک آزادی ترک کردیں۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت کئی کشمیری سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن بھارتی جیلوں میں قید ہیں اور مودی حکومت انہیں ختم کرنا چاہتی ہے۔ خاص طور پر معروف سیاسی رہنما یاسین ملک اور انسانی حقوق کے عالمی شہرت یافتہ علمبردار خرم پرویز بے بنیاد الزامات کے تحت پابند سلاسل ہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ کشمیری اپنی آزای کے لیے بہت قربانیاں دے چکے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مودی حکومت نے غلط اور متنازعہ پالیسیاں اپنائی ہوئی ہیں جس سے نہ صرف بھارت میں لوگوں میں نفرت پھیل رہی ہے بلکہ اس سے پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ بھارت کی اقلیتیں ان اقدامات سے خوفزدہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل قتل عام بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرہ پر تھپڑ ہے۔۔ ایک طرف بھارت جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن دوسری طرف مودی حکومت غیرجمہوری اقدامات کررہی ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کا سختی سے نوٹس لے۔ خاص طور پر عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی روکنا چاہیے۔ اقوام متحدہ او یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی اقدامات سے روکیں اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی مدد کریں ۔