سرینگر (صباح نیوز)مقبوضہ کشمیرمیں جموںو کشمیر ماس موؤمنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے بھارت میں انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی ترجمان اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے توہین رسالت بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین رسالت سے کشمیر کے مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانو ں کے دل زخمی اور رنجیدہ ہیں ، رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ رسالت میں گستاخی ہرگز قابل قبول نہیں ،
جاری بیان میں فریدہ بہن جی نے کہاکہ حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اہانت امیز کلمات کی وجہ سے پوری دنیا میں اور خاص کر کشمیر ی مسلمانوں میں غصہ پا یا جا رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ بھارت میں اس شر انگیز واقعے سے کشمیری مسلمانو ں کے دلی رنجیدہ ہیں اور ان میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے ،انہوں نے کہاکہ مسلما ن اپناہر طرح کانقصان برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے پیارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ادنی سی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شر انگیز اور گستاخانہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ دوبارہ وہ ایسی حرکت کرنے کی کوشش نہ کرسکیں ، فریدہ بہن جی نے کہا کہ بی جے پی حکمران جماعت کی پالیسیوں سے مقبوضہ کشمیر سمیت پورے بھارت کے مسلمان اور دیگر اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور خاص کر مسلمانوں کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے ،ایسی صورتحال دنیا بھر کے تمام مسلم ممالک کو متحد ہوکر بھارت کے خلاف مشترکہ طور سخت اقدامات اٹھانے چاہیے ، توہین رسالت کے افسوسناک واقعے پر بھارت کے خلاف اقتصادی بائیکاٹ کے علاوہ تمام بھارتی سفارتکاروں کو ملک بدر کرایا جائے ،اور بھارت سے اس واقعے پر معافی کا مطالبہ کرایا جائے تاکہ مستقبل میں بھارت میں کوئی بھی گستاخ عناصر دوبارہ ایسی حرکت نہ کرسکے۔۔