راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی چیلنجز، جوابی اقدامات پر بریفنگ دی گئی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں 80ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس کے شرکا کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی چیلنجز، جوابی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا، آرمی چیف نے مجموعی تذویراتی ماحول میں ہمہ وقت آپریشنل تیاری کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زوردیا،
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج انتہائی پیشہ وارانہ ادارہ ہے، پاک فوج کے لیے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ مقدس فریضہ ہے، موجودہ جیو اسٹراٹیجک صورتحال میں ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا،ملکی دفاع کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں،ملکی سلامتی اور خودمختاری سے متعلق ذمہ داریاں پوری کرینگے۔