اے پی ایچ سی کے زیراہتمام سینئر حریت رہنما محمد مصدق عادل اور ان کی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی کانفرنس


اسلام آباد(صبا ح نیوز)سینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے چیرمین محمد مصدق عادل اور ان کی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی کانفرنس یہاں اسلام آباد میں ہوئی کانفرنس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر محمد فاروق رحمانی نے کی ،

اس موقع پر مقررین نے محمد مصدق عادل کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مصدق عادل تحریک ازادی کشمیر کے بانی ممبران میں تھے اور انہوں نے کشمیریوں کے لئے بنیادی حق خودارادیت کے لئے انتھک جدوجہد کی ،بھارتی ظلم وتشدد اور دیگر مشکلات ان کی جدوجہد میں رکاوٹ نہ بن سکے اور آخری سانس لینے تک انہوں نے بھارتی قابض حکام کے سامنے ہار نہیں مانی ،

حریت قائدین نے کہاکہ محمد مصدق عادل اور ان کے خاندان نے ایک عظیم کاز کے لئے مثالی قربانیاں پیش کی ہیں  جن کا تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں ذکر کیا جائے گا، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ جس مشن کے لئے مصدق عادل اور دیگر کشمیری شہداء نے اپنی جانیں نچھاور کیں وہ مشن منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا، اس موقع پر حریت رہنماوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے دعاء کی کہ اللہ تعالی مرحوم اور ان کی والدہ کی مغفرت اور ان کے درجات بلند فرمائے، واضح رہے کہ سینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے چیرمین محمد مصدق عادل پیر کو مقبوضہ کشمیر کے سوپور علاقے میں انتقال کرگئے تھے جبکہ ان کی والدہ بھی ایک روز بعد منگل کو انتقال کرگئیں ،

تعزیتی کانفرنس میں بھارت میں انتہاپسند ہندو جماعت بی جے پی کی ترجمان  نوپور شرما کے پیغمبر اسلامۖ کی شان میں گستاخانہ بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی ،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں بی جے پی رہنماوں کے توہین رسالت بیانات سے پوری دنیا میں مسلمانو ں کے دل زخمی اور رنجیدہ  ہیں اور کوئی بھی مسلمان توہین رسالت برداشت نہیں کرسکتا ،  اسلام میں حضرت محمد مصطفی ۖسے محبت اور عقیدت ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ا یک مسلمان کا ایما ن اس وقت تک مکمل ہی نہیں ہوسکتا جب تک کہ وہ سچے دل سے آپ ۖسے محبت نہ کرے۔ اور بی جے پی کی یہ شرانگیزی عالمی امن کے لئے بڑا خطرہ اور مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے جو افراد یا گروپ ایسی بیہودہ حرکتوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو یہ جرات نہ ہوسکے۔

قرارداد میں حریت رہنماوں نے کہا ہے کہ بھارت میں انتہاپسند ہندوجماعت بی جے پی کی حکمران جماعت کے مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوںکے خلاف اقدامات تشویشناک ہیں اور بی جے پی کے مذموم ایجنڈے کو بروقت نہ روکا گیا تو پورے خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا، انہوں نے مسلم ممالک سمیت عالمی برادری پر زورد یا کہ وہ بھارت میں مودی سرکا ر کے اس ایجنڈا کا نوٹس لیکر اس کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں۔